سرگودھا(آئی این پی) ن لیگی رہنما جاوید لطیف نےآنے والے چیف جسٹس کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر دی ہے۔مسلم لیگ (ن)کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والے چیف جسٹس آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں اور وہ مسلم لیگ (ن)کو انصاف دینا چاہتے ہیں۔سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکے کرنے والے کو ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی، قاضیوں نے یہ فیصلے کیے تھے، سی پیک کا منصوبہ شروع کرنے والے کو نااہل کیا گیا،
2014 میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاس پر حملے کرنے والوں کو روکا نہ گیا، اگر قاضی اس وقت فیصلے درست کرتے تو 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ 9 مئی کیلئے ایک سال ٹریننگ دی گئی، ان کو لالچ دے کر ورغلایا گیا، اداروں میں بیٹھے چند لوگوں نے سہولت کاری کی تھی، عالمی ایجنڈے کو تقویت دی، پیٹ پر پتھر باندھ کر سی پیک کو روکنے کی سازش تھی، آئندہ چند روز میں انکشافات کر کے پاکستان مخالف عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کرنے والوں کو سامنے لائیں گے۔جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے چیف جسٹس آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) کو انصاف دینا چاہتے ہیں، ملک کے سپریم چیف صرف نواز شریف ہیں، سارے چیف اکٹھے ہو کر بہتر طریقے سے ملک چلا سکتے ہیں اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، 9 مئی کے کردار سامنے لائیں گے تو 2017 والے کردار از خود بے نقاب ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو بحران میں ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، امپورٹڈ کون، غیر ملکی قوتوں کا آلہ کار وہی لوگ ہیں، مسلم لیگ (ن) الگ الیکشن لڑے گی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے الیکشن نہیں لڑیں گے، میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں کی جائیں گی تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، موجودہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر کی گئی ہے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں