اسلام آباد(پی این آئی) قومی اسمبلی کی قواعدو ضوابط اور استحقاق کمیٹی نے توہین پارلیمنٹ بل کے مسودے کی منظوری دے دی۔ چیئرمین رانا قاسم نون کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قواعدو ضوابط اور استحقاق کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا۔
جس میں توہین پارلیمنٹ بل کے مسودہ پر تفصیلی غور کے بعد اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ دیگر صوبوں کی طرح توہین پارلیمنٹ قانون کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرایا جائیگا۔بل کی منظوری کے بعد پارلیمان کی توہین پر کسی بھی فرد کو طلب کیاجا سکے گا جبکہ توہین پارلیمنٹ کاجرم ثابت ہونے پر سزاؤں کا اطلاق ہوگا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ کا قانون وقت کی ضرورت ہے کافی عرصہ سے ہم اس پر کام کر رہے تھے، یہ بل پنجاب اسمبلی ،کے پی ،سندھ بلوچستان اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف مہم چلانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھی قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں