عمران خان کو خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے، پیپلزپارٹی رہنما کا دعویٰ

کراچی (پی این آئی) وزیراطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے اور مخصوص لوگ غیر آئینی کاموں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعظم عمران خان کو آئین پر رہتے ہوئے اقتدارسے نکالا اور قانونی طور پر عہدے سے ہٹایا گیا، یہ واحد وزیراعظم تھے جنہیں آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا، عمران خان نےعوام کوتقسیم کرنے اور اداروں کومتنازع بنانے کی کوشش کی، ان کی وجہ سے معیشت پر بہت دباؤ ہے اور آج تک وہ شخص ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے درپے ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان میچ فکسڈ کیے بغیرمیچ نہیں کھیلتے، ان کو آج بھی سپورٹ حاصل ہے اور ایک خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے، مخصوص لوگ غیر آئینی کاموں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

عمران خان مکمل طور پر کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، پیپلز پارٹی پنجاب میں الیکشن کیلئے تیار ہے، اور الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، ہم اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، حکومت کی جانب سے سندھ کےعوام کو آٹے کی مد میں سبسڈی دی جارہی ہے، سستے آٹے کی مہم رمضان بھر چلے گی، 50 ہزار سے کم آمدنی والوں کو 65 روپے کلو آٹا دیا جا رہا ہے، فی خاندان کو 2 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں، اور اب تک 29 لاکھ سے زائد خاندان رقم وصول کرچکے ہیں، کراچی میں مزید بس سروسز شروع کی جارہی ہیں، 13 اپریل کو ملیر میں ای وی بسز سروس شروع کررہے ہیں، 14 اپریل کو ایک اور روٹ شروع ہوگا، وزیر اعلی کی ہدایت پرعوام کو ریلیف دے رہے ہیں، بس آپریٹرز کو ہونے والانقصان سندھ حکومت پورا کرے گی، حکومت سندھ عوام پر مزید کوئی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں