عمران خان نے رانا ثنا اللہ پر سنگین الزام عائد کر دیا

لاہور(پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے قتل کی سازش میں رانا ثناء اللہ کا کلیدی کردار ہے،سازش کے باقی 2کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں،قتل کی دھمکیوں اور ارادہ قتل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے صدر سی پی این ای کاظم خان نے ملاقات کی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کہا کہ میرے قتل کی سازش میں رانا ثناء اللہ کا کلیدی کردار ہے، سازش کے باقی 2 کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں۔ میرے قتل کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے بھی تینوں کا اہم کردار ہے، رانا ثناء اللہ ایک بزدل آدمی ہے، قتل کی دھمکیوں اور ارادہ قتل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔رانا ثناء اللہ وزیرداخلہ نہیں بلکہ دہشتگرد مافیا کا رکن ہے، رانا ثناء اللہ کا کردار عابد شیر علی کے والد سے پوچھ لیں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن اگر مقررہ وقت سے آگے گئے تو سمجھیں کہ آئین ختم ہوجائے گا۔پی ٹی آئی کے امیدوار 30اپریل کے حساب سے انتخابی مہم جاری رکھیں گے ۔آئین کی پاسداری کیلئے ہر طرح کی اے پی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں چوروں کا گروہ ہے ، الیکشن کی تاریخ مافیا کی سیاسی موت ہے۔عدالت پر الزام تراشی اور دباؤ میں لانا ن لیگ کا وطیرہ ہے، ن لیگ وہی جماعت ہے جس کے مسلح جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے تھے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکی نہیں دی، ایک سیاسی بات کی تھی، میں نے عمران خان کے سیاسی وجود کی بات کی تھی، سیاست دان سیاسی بات ہی کرتا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے الیکشن ایک ساتھ ہوں گے، صوبوں میں نگران سیٹ اپ کے بغیر ہونے والے الیکشن کے نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کریگا، ایسے الیکشن ملک میں افرتفری کا سبب بنیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی کے خلاف ابھی قانون حرکت میں نہیں آیا، عمران نیازی کا احتساب ہوگا، اب پی ٹی آئی میں سے بہت کچھ نکلے گا۔

close