تحریک انصاف پر پابندی؟ وفاقی وزیر نے اصل بات بتا دی

اسلام آباد (آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جب سے سیاست میں قدم رکھا فوج میں کبھی سنیارٹی اور میرٹ کی بنیاد پر تعیناتی نہیں ہوئی،پہلی دفعہ شہباز شریف حکومت میں میرٹ اور سنیارٹی کو ترجیح دی گئی،عمران خان کا بیان حقیقت پر مبنی نہیں وہ خود چند پولیس اہلکاروں کو قتل کروانا چاہتے ہیں تا کہ انارکی اور افراتفری پھیلے ،تحریک انصاف پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی ،عمران خان امریکہ کا پروڈکٹ ہے، جو پاکستان میں آیا ہوا ہے،زلمے خلیل زاد کا ضمیر پاکستان اور وہ بھی خصوصی طور پر عمران خان کیلئے کیوں جاگ رہا ہے؟۔

بدھ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے زلمے خلیل زاد کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ زلمے خلیل زاد کو صرف پاکستان میں ہی تشدد اور زیادتی نظر کیوں آتی ہے،زلمے خلیل زاد کا ضمیر پاکستان اور وہ بھی خصوصی طور پر عمران خان کیلئے کیوں جاگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی ہے، حکومت کسی بھی جماعت کے خلاف کوئی ایسا اقدام اٹھانے کے لئے تیار نہیں، عمران خان کا بیان حقیقت پر مبنی نہیں ہے وہ خود چند پولیس اہلکاروں کو قتل کروانا چاہتے ہیں تا کہ ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ کا پروڈکٹ ہے، جو پاکستان میں آیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب سے میں نے سیاست میں قدم رکھا ہے کبھی بھی فوج میں سنیارٹی کی بنیا پر تعیناتی نہیں ہوئی ہے، پہلی دفعہ شہباز شریف کی حکومت میں سینیارٹی اور میرٹ کو ترجیح دی گئی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پاکستان کی لوکل حکومت ہیں کوئی امپورٹڈ حکومت نہیں ہیں۔۔۔۔

close