سکیورٹی اداروں کو فری ہینڈ دینے کا عندیہ، افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف نئی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے ملک میں افراتفری پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا۔پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی اور قومی سلامتی کے امور پر طویل اجلاس ہوا جس میں حساس اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں لاہور اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کی پرتشدد کارروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی، شرکا کو بتایا گیا کہ انتشار پھیلانے والے کارکن دیہاڑی پر بلائے گئے تھے، گرفتار افراد سے دوران تفتیش اہم انکشافات بھی ہوئے ہیں۔سیاسی رہنمائوں کی جانب سے اجلاس میں مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر شرکا نے عمران خان سے متعلق دوٹوک پالیسی اپنانے کی رائے دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی رٹ کی عملداری کیلئے عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔شرکا نے عدلیہ کے کردار پر نظر ثانی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے تو عمران خان بالاتر کیوں، شرپسندی سے باز نہ آنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے سکیورٹی اداروں کو فری ہینڈ دینے کا عندیہ دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہا ہے، شر پسندوں کے خلاف متحد قوم اداروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور بغاوت کو حوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ملک دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔۔۔۔

close