جنرل امجد شعیب پر پرچہ مضحکہ خیز قرار دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق سینیٹر مصطفی کھوکھر نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب پر دیا گیا پرچہ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔

الفاظ کے ذریعہ ریاست کو کمزور کرنے کا الزام ،کبھی ریاستیں بھی الفاظ کے ذریعے کمزور ہوئی ہیں؟ ۔انہوں نے مزید کہا کہ جبر اور عدل کا ناپید ہونا بہرحال ریاست اور معاشرے کو دیمک کی طرح کھا جاتا ہے۔ اُن کے کئی خیالات سے اختلاف رہا لیکن یہ رویہ قابل مزمت ہےلیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد کی عدالت نے لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام میں گرفتار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو ایف ایٹ کچہری پیش کہا گیا تھا جہاں اسلام آباد پولیس نے امجد شعیب کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے وکیل کی جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور امجد شعیب کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب پر مقدمہ ان کے ٹی وی انٹرویو کی بنیاد پر بنایا گیا، مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امجد شعیب نے عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، اس مقدمے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر نے معروف تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کو قابل شرم قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ امجد شعیب کی گرفتاری صرف قابل مذمت نہیں بلکہ نظام انصاف کے لئے قابل شرم بھی ہے کیوں کہ ایک ٹی وی شو میں اینکر کے سوال کا جواب دیکر امجد شعیب صاحب گرفتار ہو گئے، میں نے ایف آئی آر کو غور سے پڑھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کچھ دنوں کے بعد سوال کرنے والے اینکروں کی گرفتاریاں بھی شروع ہو جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں