گجرات (پی این آئی) پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم عمران خان کو پھر سے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور پی ٹی آئی صدر پہلی ترجیح پنجاب کے الیکشن میں تحریک انصاف کی دو تہائی اکثریت سے جیت اور عمران خان کی حکومت کا قیام ہے۔
گجرات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود مجھے تحریک انصاف کا صدر بنانے کا اعلان کیا اور میری کمٹمنٹ کا اعتراف کیا جو میرے لیے باعث فخر ہے۔چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے خطاب میں مجھ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا انہوں نے میرا اور میرے ساتھیوں کا دل جیت لیا ہے، اس مقصد کیلئے عمران خان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ نااہل حکمران ٹولے اور الیکشن کمشنر کی پنجاب میں الیکشن ملتوی کرانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، حکمران ٹولہ عمران خان کے راستہ میں جو ریت کی دیواریں کھڑی کر رہا ہےالیکشن میں عوام کا سیلاب ان ریت کی دیواروں کو بہا کر لے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی کٹھ پتلی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، قوم عمران خان کو پھر سے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے، عمران خان نیک نیت سیاستدان اور قوم کے سچے خیرخواہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں