وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آخرکار اچھی خبر سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ کرنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے، معاشی مشکلات ضرور ہیں، جلد معاشی مشکل حالات سے نکل آئیں گے، مشکل سے نکلنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔

انہوں نے سینیٹ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بتایا کہ معاشی مشکلات کے باجود ملک کے ڈیفالٹ کرنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ معاشی ٹیم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے، حکومت کی مئوثر معاشی پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر جلد قابو پالیں گے۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے بھی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی رائے سے اتفاق کیا اور کہا کہ معاشی مشکلات سے نکلنے کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی۔ اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سلیم مانڈوی والا نے بھی چیئرمین سینیٹ کی تجاویز کو سراہا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک گھمبیر حالات سے دوچار ہے گولڈن جوبلی تقریبات سادگی سے ہونی چاہئیں۔یاد رہے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہفتہ کو سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ سینیٹ میں کفایت شعاری اپنانے اور اخراجات کو کم سے کم کرنے کے حوالے سے اراکین سے رائے اور تجاویز لی گئیں۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر سخت فیصلے کرنے ہونگے۔

اجلاس میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے۔وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار ، سینیٹر شہادت اعوان ، سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے علاوہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈیپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سبز واری ، سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے شرکت کی۔ سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی گولڈن جوبلی تاریخی نوعیت کی حامل ہے۔ضروری ہے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی قوتیں اس میں بھرپور شرکت کرکے سینیٹ کی تاریخی اور سیاسی اہمیت کو اجاگر کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے شرکا ء کو اس دن کے حوالے سے ترتیب دی گئی تقریب کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ چئیرمین سینیٹ نے بتایا کہ سینیٹ کا خصوصی اجلاس 15, 16 اور 17 مارچ 2023 کو طلب کیا جا چکا ہے جس میں تمام ممبران کو اپنا نقظہ نظر پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائیگا جبکہ خصوصی اجلاس کیلئے سابق سینیٹرز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور مشکلات کے پیش نظر تقریب کو سادہ مگر پروقار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گولڈن جوبلی کے حوالے سے چاروں صوبوں کی صوبائی اسمبلیوں میں بھی شیشنز ہونے تھے لیکن موجودہ معاشی حالات اور حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تناظر میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کو صرف پارلیمنٹ ہائوس تک محدود کیا جائے۔غیر ملکی وفود کو بھی خصوصی اجلاس کے لئے مدعو کیا گیا تھا جس میں اتفاق رائے سے تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اراکین کمیٹی نے اتفاق کیا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ نہ ڈالا جائے گا۔

close