اسلام آباد (پی این آئی) ڈالرز لاؤ،حج قرعہ اندازی سے مستشنیٰ ہو جاؤ، حکومت کی جانب سے ڈالرز لانے والوں کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ حج پالیسی 2023 کے اہم نکات سامنے آ گئے۔سرکاری حج اسکیم کا 25 فیصد کوٹہ ڈالر جمع کرانے والوں کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔22 ہزار 400 عازمین ڈالر جمع کرانے پر قرعہ اندازی کے بغیر حج کر سکیں گے۔
پاکستانی کرنسی میں حج اخراجات جمع کرانے والوں کو قرعہ اندازی میں شامل کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں سرکاری اسکیم میں رواں سال حج کے اخراجات 10 لاکھ روپے سے بھی زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے حج پالیسی 2023ء کا اعلان فروری کے آخر تک متوقع ہے، تاہم عالمی اقتصادی صورتحال کے علاوہ روپے کی بے قدری کے باعث سستے حج پیکیج میں مشکلات کا سامنا ہے اس لیے رواں سال سرکاری حج اسکیم کے اخراجات 10 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، رواں سال 65 سال زائد عمر کے شہری بھی حج کرسکیں گے، سعودی حکومت کی جانب سے اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانی عازمین کا سفری شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سےعازمین حج کی پہلی پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی اور آخری پرواز کے لئے 22 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ مناسک حج کے اختتام پر سعودی عرب سے پاکستان کے لئے پہلی پرواز کی آمد 2 جولائی کو ہوگی اور آخری پرواز 2 اگست کو واپس آئے گی۔سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج کو ائیر پورٹ سے نجی ٹرانسپورٹ پر مسجد حرام لے جانے پر جرمانہ ہو گا۔
اس ضمن میں شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ جدہ نے ایسے عناصر کو خبردار کیا ہے کہ مسافروں کو اپنی ٹرانسپورٹ پر لے جانے کی غیر قانونی کوشش کرنے والوں کو 5000 سعودی ریال جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ کی طرف سے اس سے قبل یہ باضابطہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ جدہ ائیر پورٹ پر اترنے والے عازمین حج کو ایک شٹل سروس کے ذریعے مسجد حرام تک لے جایا جائے گا، حج یا عمرہ کی ادائیگی کے بعد مسجد حرام سے جدہ کے شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ تک اسی شٹل سروس سے پہنچایا جائے گا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں