ضمنی انتخابات، حکومتی اتحادیوں کی ایک دوسرے کو منانے کرنے کی کوششیں تیز ہو گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) حکومتی اتحادیوں کی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے ایک دوسرے کو منانے کرنے کی کوششیں تیز ہو گئیں،حکومتی اتحادیوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ اے آر وائے نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات میں مل کر حصہ لینے پر غور کر رہی ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے تجویز دی ہے کہ ضمنی انتخابات میں میدان خالی نہ چھوڑا جائے،قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات پر حکومتی اتحادی بھی حصہ لینے کے خواہش مند ہیں،اس سے پہلے مولانا فضل الرحمٰن ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی خیبر پختو نخوا میں قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کیلئے شیڈول جاری کر دیا،ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق 6 سے 8 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں،13 فروری تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی،21 فروری کو نظر ثانی فہرست جاری کی جائے گی۔یہ بھی خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا ایک اور حیران کن فیصلہ سامنے آیا ہے۔ عمران خان قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے ۔اس سے قبل عمران خان نے ضمنی انتخابات میں تمام حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ روز عمران خان این اے 193 کے ضمنی الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے۔عمران خان نے این اے 193 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے ۔ جعفر خان لغاری کی دسمبر 2022 میں وفات کے بعد این اے 193 کی یہ نشست خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن نے سردار جعفر لغاری کی وفات کے بعد شیڈول جاری کیا، جس کے مطابق جعفر لغاری کی نشست پر ضمنی انتخاب 26 فروری کو ہوگا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق این اے 193 راجن پور میں پولنگ 26 فروری کو ہوگی۔

close