وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو مائنس کرنے کاطریقہ بتا دیا

بہاولپور (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اگلے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے،اس میں کوئی شک نہیں کہ گیس،بجلی کے بل بڑھے ہیں اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے پیٹرول مہنگا ہوا،گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے پر عمل کرنا ہماری مجبوری ہے،نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو بحران سے نکالا۔سازش کے تحت نوازشریف کو اقتدار سے ہٹایا گیا،مسلم لیگ پہلے کی طرح اب بھی ملک کو بحران سے نکالے گی،عمران خان اپنی جھوٹی مقبولیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا،نوازشریف کو نکال کر2018 میں نااہل ٹولے کو اقتدار میں لایا گیا،عمران خان ملک کیلئے ایک فتنہ ہے،عوام کو چاہیے کہ عمران خان کے فتنے کو رد کریں۔عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے،عمران خان نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ عوام کا سمندر لے کراسلام آباد آؤں گا،پنجاب میں ن لیگ اپنی حکومت بنائے گی۔ قبل ازیں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑنے کی پالیسی حکومت نہیں پارلیمنٹ دے گی، وزیراعظم، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی پارلیمنٹ میں آئیں گے، کالعدم تنظیم کے لوگوں کو معاف کرنے کی پالیسی غلط ثابت ہوئی، پی ٹی آئی حکومت نے ایسے لوگوں کو چھوڑا جن کو سزائے موت ہوچکی تھی۔انہوں نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے پالیسی بنائی جو پرامن ہیں ان کو واپس آنے دیا جائے، اسی پالیسی کی آڑ میں اگر چاہوں تو اس وقت کی حکومت کو موردالزام ٹھہرا سکتا ہوں۔

ایسے لوگوں کو بھی چھوڑا گیا جن کو سزائے موت ہوچکی تھی۔ میں سمجھتا ہوں اس کے بارے دوبارہ اور نئے سرے سے وزیراعظم ، عسکری قیادت ایوان کو اعتماد میں لیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت اگر پالیسی اپنے طور پر مرتب کرے گی تو ماضی کی حکومت کی طرح غلطیوں کا خمیازہ ہمیں آج بھگتنا پڑ رہا ہے، اگر پارلیمنٹ پالیسی بنائے گی تو پھر غلطی نہیں ہو گی،پشاور دھماکے پربریفنگ دی گئی تو وزیراعظم کا یہی سوال تھا کہ ریڈزون اور حساس علاقے میں یہ دہشتگرد واقعہ کیسے ممکن ہوا؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close