اسلام آباد (پی این آئی) پٹرول کی قیمت 300 روپے ہو جانے کی قیاس آرائیوں پر اوگرا کا ردِعمل آگیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔ترجمان اوگرا عمران غزنوی کا کہنا ہے کہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔
ابلاغ عامہ میں گمراہ کن قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔مفاد عامہ میں غلط قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔گذشتہ روز سے یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔ سینئر صحافی کامران خان نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے کے بعد اور آئی ایم ایف شرائط پورا کرنے کیلئے پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کے قریب قریب پہنچ جائے گی۔آئی ایم ایف شرائط پورا کرنے کیلئے بجلی کا یونٹ ساڑھے 7 روپے، گیس کی قیمتیں 46 فیصد بڑھائے جانے کا امکان ہے، ادویات کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔جبکہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 50،50 روپے اضافہ کرنے جا رہی ہے، اس حوالے سے لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کو بجلی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کرنا پڑے گا۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی بڑھ کر 50 فیصد تک ہوجائے گی،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 50،50روپے فی لیٹراضافہ ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر 3.6ارب ڈالر پر آگئے ہیں،پتا تھا سازش کو کامیاب ہونے دیا تومعیشت نہیں سنبھلے گی۔
ان کے9ماہ میں 84روپے گرے ہیں، ہمارے زرمبادلہ ذخائر خطرناک سطح پر پہنچ گئے ہیں، جب تحریک عدم اعتماد آئی تھی تو16.4ارب ڈالر تھے۔ جو کہ آج 3.6پر پہنچ گئے ہیں، اس کی وجہ سے روپے پر پریشر پڑا اور روپیہ گرنا شروع ہوگیا، اب روپیہ گررہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں