اسلام آباد (پی این آئی ) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ۔انہوں نےخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر مل بیٹھ کر فیصلے کریں۔ عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آ رہے۔
ابھی توانتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الہی کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوز کاز نوٹس جاری کردیاتھا۔اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ کا اہم اجلاس پیر کے روز چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق بشیر احمد چیمہ، سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین نے چوہدری پرویز الہی کے پاکستان مسلم لیگ کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے کے حوالے سے میڈیا پر دیئے جانے والے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا ہے۔جس میں چوہدری پرویز الہی سے کہا گیا کہ پارٹی صوبائی صدر کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ پارٹی کو کسی دوسری پارٹی میں ضم کر سکے۔نوٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اپنا الگ سیاسی تشخص،ووٹ بنک اور پارٹی آئین رکھتی ہے۔
لہذا چوہدری پرویز الہی اپنے بیان کی سات دن کے اندر وضاحت کریں تب تک آپ کی پاکستان مسلم لیگ سے رکنیت معطل کی جاتی ہے۔بصورت دیگر آپ کے خلاف پارٹی آئین کے آرٹیکل 16 اور آرٹیکل 50 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت چوہدری برادران کی سیاسی راہیں جدا ہو گئی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں