(ق) لیگ کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا امکان، مونس الٰہی سمیت اکثر رہنمائوں کا متفقہ فیصلہ سامنے آگیا

لاہور ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خواہش پر مسلم لیگ (ق) کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا امکان ہے جبکہ مونس الٰہی اور دیگر رہنما پارٹی انضمام کے حامی ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کو (ق) لیگ کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی پیش کش کی ہے۔جس پر مسلم لیگ (ق) کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا امکان ہے۔تاہم حتمی فیصلہ (ق) لیگ کے پرویز الٰہی کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ

مونس الٰہی مسلم لیگ (ق) کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کے حامی ہیں جب کہ مسلم لیگ (ق) کے سابق ارکان اسمبلی کی اکثریت نے بھی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کی حمایت کردی ہے۔دوسری جانب چودھری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے (ق) لیگ کے تحریک انصاف میں انضمام کی پیش کش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ (ق) لیگ پی ٹی آئی میں ضم ہو جائے تو بہتر ہے۔ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ نیند کی گولی سے بھی شہباز شریف کو نیند نہیں آنی۔

close