محمود خان اچکزئی کی پارٹی میں بڑی بغاوت، دو دھڑوں میں تقسیم

کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان کی پختون قوم پرست جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے مد مقابل باغی گروپ نے پارٹی کے مرحوم رہنماء سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے 28 سالہ بیٹے خوشحال خان کاکڑ کو پارٹی کا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ باغی دھڑے نے سابق جنرل سیکرٹری مختیار خان یوسفزئی کو پارٹی کا شریک چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

اس کے علاؤہ سابق سینیٹر رضا محمد رضا سینیئر ڈپٹی چیئرمین اور خورشید کاکا جی سیکریٹری جنرل جبکہ رکن بلوچستان اسمبلی نصر اللہ زیرے پارٹی کے نئے صوبائی صدر اور فقیر خوشحال صوبائی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ باغی رہنماؤں کو محمود خان اچکزئی نے نومبر میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں بغاوت پیدا کرنے کے الزام میں جماعت سے نکالنے کا اعلان کیا تھا اور گزشتہ ہفتے کوئٹہ میں پارٹی کے انتخاب ساز ادارے ’کانگریس‘ کا اجلاس بلا کر محمود خان اچکزئی ایک بار پھر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین منتخب ہو گئے تھے۔ تاہم باغی گروپ نے نئے انتخابات اور محمود خان اچکزئی کو پارٹی کا سربراہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنا الگ کانگریس اجلاس طلب کر کے نئے چیئرمین اور عہدے داروں کا انتخاب کر لیا ہے۔۔۔۔

close