لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے اور ہم نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ عمران خان بیٹھ کر ہم سے بات کریں۔ہفتے کے روزلاہور میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بدقسمتی سے دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا ہے، سال 2013 میں بھی ہمیں پاکستان ایسے ہی حالات میں ملا تھا ، ملک لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور اس وقت دنیا ہمیں دہشتگردی کی نظر سے دیکھتی تھی،
اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے مسلح افواج سے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کیخلاف جنگ آئندہ نسلوں کے لیے لڑنی ہے جس میں پاک فوج ، پولیس اور سکیورٹی کے دیگر اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور ہم نے دہشتگردی کے اس عفریت پر قابو پایا۔انہوں نے کہاکہ قرضوں میں جکڑا ہوا پاکستان، بجلی بحران کا بھی شکار ہے، سابق دور میں 4 برس کے دوران ملک کا برا حال کر دیا گیا لیکن ہم انشااللہ بحرانوں کو شکست دیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2018کے الیکشن میں پنجاب کے عوام نے مسلم لیگنون کو مینڈیٹ دیا لیکن ہمارے مینڈیٹ کو 2018 میں چرایا گیا۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، ہم نیکئی مرتبہ کہا ہے کہ عمران خان بیٹھ کر ہم سے بات کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کہہ کرگئے آئندہ الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوگاجب کہ جلد الیکشن صرف ایک سیاسی شوشہ ہے، جلد الیکشن معاشی اور سیاسی ضرورت نہیں، ہم ملکی معیشت کو استحکام دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں