لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے بڑے ریلوے سٹیشنز پر ٹرینوں کا سٹاپ 5 منٹ تک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی وزیر کے زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا کہ اس اقدام سے مسافروں کو ٹرین پر چڑھنے اور اترنے کیلئے مناسب موقع ملے گا، فیصلے کا اطلاق 22 دسمبر سے ہو گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چھوٹے پلیٹ فارمز کو مرحلہ وار 1410 فٹ سٹینڈرڈ کیلئے تیار کیا جائے گا، انجن، پاور وین اور سامان کے ڈبوں کو ٹرین کے شروع یا آخر میں لگایا جائے تا کہ مسافروں کو چڑھنے اترنے میں آسانی ہو۔
وزیر ریلوے نے افسروں کو ویک اینڈ پر لاہور – راولپنڈی ریل کار میں مسافروں کے رش کے باعث اضافی کوچ لگانے کی بھی ہدایت کی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں ریلوے انفراسٹرکچر کی مرمت و بحالی کیلئے پاکستان ریلویز کو 14 ارب روپے امداد دے گی، امدادی رقم صرف بلوچستان کیلئے مختص ہو گی، انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز کو جنگی بنیادوں پر انفراسٹرکچر بحالی کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کراچی ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں نئے ڈی ایس کراچی کا تقرر کر دیا گیا اور کہا گیا کہ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کئے جائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مہر، بدر، راوی، سر سید، غوری اور تھل ایکسپریسز کی کمپوزیشن، آمدنی، اخراجات، سٹاپس سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں