لاہور (پی این آئی) پرویز الہٰی اصلاح کرکے آئیں تو پی ڈی ایم کیلئے قابل قبول ہیں، چوہدری پرویز الہٰی محسن کشوں کا ساتھ نہ دیں، جنرل باجوہ ہمارے بھی محسن ہیں، جنرل باجوہ عمران خان اور پرویز الہٰی کے بھی محسن ہیں، چوہدری سالک حسین کا بیان۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہےکہ پرویز الہٰی اپنی اصلاح کرکے آئیں تو پی ڈی ایم کے لیے قابل قبول ہیں۔ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے ق لیگ اور پی ٹی آئی کی صورت حال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو ہونا ہی تھا، پرویز الہٰی اپنی اصلاح کرکے آئیں تو پی ڈی ایم کے لیے قابل قبول ہیں۔ چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو مشورہ دیا کہ وہ محسن کشوں کا ساتھ نہ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ ہمارے بھی محسن ہیں، جنرل باجوہ عمران خان اور پرویز الہٰی کے بھی محسن ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ساتھ بٹھا کر جنرل (ر) باجوہ کے خلاف بات کرکے زیادتی کی۔
جب خان صاحب جنرل (ر) باجوہ کے خلاف بات کررہے تھے تو مجھے بہت برا لگا کیوں کہ جنرل (ر) باجوہ ہمارے محسن ہیں اور محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی خاور گھمن کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 3 ماہ پہلے بھی کہا تھا کہ باجوہ صاحب آپ کے بھی اور ہمارے بھی محسن ہیں، میں اور مونس الہٰی نے کل بھی دن میں ملاقات میں کہا کہ باجوہ صاحب کے خلاف نہ بولیں کیوں کہ میں سمجھتا ہوں جنرل (ر) باجوہ کے ان پر بہت احسانات ہیں اور احسان فراموشی نہ کی جائے، اس لیے جنرل (ر) باجوہ کے خلاف اب اگر بات کی گئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا اور میری ساری جماعت بولے گی۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض نے بہت زیادتیاں کیں، انہوں نے ہمیں اندر کرنے کی کوشش کی وہ ہمارے خلاف تھے، میں نے جنرل (ر) باجوہ کو فیض کے بارے میں بتایا تو فیض نے کہا عمران خان کا حکم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان تو مونس کو ساتھ نہیں بٹھاتے تھے اس کے باوجود ہم نے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا، جب عمران خان نے کہا کہ اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً حامی بھرلی، ہم عمران خان اور پی ٹی آئی کے مخالف نہیں ساتھی ہیں لیکن اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ رجیم چینج کا ایک ہی آدمی ذمہ دار ہے اس کا نام جنرل (ر) باجوہ ہے، ہماری چلتی ہوئی حکومت کوبیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا، میں بات نہیں کرتا تھا کہ وہ آرمی چیف تھا کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ ہماری فوج مضبوط ہو، اس لیے ہم چپ کرکے بیٹھے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 سال سے جو لوگ ملک لوٹ رہے تھے وہ اوپر آکر بیٹھے گئے، 2018ء میں یہی شہبازشریف اور نواز شریف ملک کا دیوالیہ کرکے گئے تھے، کورونا کے باوجود ہم نے ملک کو سنبھالا، پاکستان کورونا کے دوران وہ ملک تھا جہاں انڈسٹری کو ترقی دی، میرا سوال یہ ہے کہ کون ذمہ دار تھا اس رجیم چینج کا؟ کیا وجہ تھی کہ معیشت کو گرا کر چوروں کو اوپر بٹھا دیا گیا؟ معیشت جو اوپر جارہی تھی آج گررہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں