وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اربوں روپے کے منجمد اثاثوں سے متعلق نیب کا بڑا حکم جاری

لاہور (پی این آئی) نیب لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کرنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا۔نیب نے 5 ارب،58 کروڑ،80 لاکھ کے پانچ بینک اکاؤنٹس اور گھر کو بحال کرنے کا مراسلہ جاری کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد 7 ایچ گلبرگ تھری ہجویری ہاوس کو واپس کیا جائے،اسحاق ڈار کے بینک کے اکاؤنٹ میں 50 کروڑ 79 لاکھ روپے کو بحال کیا جائے۔وفاقی وزیر کے دوسرے بینک اکاونٹ میں 3 لاکھ 65 ہزار روپے بحال کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے نیب کو دوبارہ خط کی تصدیق بارے مراسلہ لکھ دیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق نیب نے جو اسحاق ڈار کی جائیداد اور اکاونٹس کی بحالی کا مراسلہ بھیجا ہے اس کی تصدیق کی جائے۔یاد رہے کہ نیب قوانین میں تبدیلی کے بعد احتساب عدالت اسلام آباد نے آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ختم کی ،احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس بند کیا۔عدالت نے ریفرنس نیب کو واپس بھیجوایا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب کی نئی ترامیم کے بعد یہ کیس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے دلائل مکمل کئے۔نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے اسحاق ڈار اور شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور سماعت ملتوی کی تھی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی ختم کی۔ جبکہ اس سے پہلے احتساب عدالت نے اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنسز میں مقدمات سے مسلسل غیر حاضری پر انہیں مفرور اور اشتہاری قرار دیا تھا، سپریم کورٹ نے 6 ماہ میں اس کیس کا فیصلہ سنانے کا حکم بھی دیا تھا۔

close