عید کے موقع پر 5 سرکاری چھٹیوں کی مخالفت کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی ) ملک میں عید الاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے دی گئی 5 چھٹیوں کی مخالفت سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزکامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) نے وفاقی حکومت کی جانب سے عید کی 5 چھٹیوں کی مخالفت کی گئی ہے۔

 

اس حوالے سے ایک بیان میں ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ عید کی 5 دن چھٹیاں ٹھیک فیصلہ نہیں ہے کیوں کہ ملک اس وقت خسارے میں ہے اس لیے حکومت عید کی 5 دن چھٹیوں کا نوٹی فکیشن واپس لے اور بینکوں کو ہفتے کے دن فعال کرایا جائے۔خیال رہے کہ کابینہ ڈویژن نے عید کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر 5 تعطیلات ہوں گی اور ملک میں عید کے موقع پر پر 8 سے 12 جولائی تک تعطیلات ہوں گی۔دوسری جانب پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ پر پردیسیوں کی سہولت اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ دوسرے شہروں میں مقیم لوگ عید پر اپنے گھروں کو جاسکیں ، اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ مسافروں کے رش کے پیش نظر کیا گیا ہے، 8 جولائی صبح 10 بجے پہلی اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے براستہ ملتان، ساہیوال، لاہور سے پشاور پہنچے گی۔

 

اسی طرح 8 جولائی کو دوسری اسپیشل ٹرین شام 6 بج کر45 منٹ پر کراچی سے براستہ ملتان، فیصل آباد، لاہور پہنچے گی ، 13 جولائی کو تیسری اسپیشل ٹرین لاہور سے صبح11 بج کر30 منٹ پر براستہ فیصل آباد، ملتان سے کراچی پہنچے گی۔ ادھر حکومت نے عید الاضحیٰ پر ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ، ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ حکومت نے اضافی تیل اور گیس کا انتظام کرلیا ہے جن سے ضرورت کے تحت پاور پلانٹس چلائے جائیں گے اور عید پر ملک کے کسی علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کیوں کہ عید کی تعطیلات کے دوران دفاتر، فیکٹریاں اور دکانیں بند ہونے کی وجہ سے بھی بجلی کی طلب میں واضح کمی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں