سابق وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کو گرینڈ ڈائیلاگ کا حصہ بننے کی دعوت دے دی

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کی ہے، اسٹیک ہولڈرز میں فوج اور عدلیہ بھی شامل ہے، چاہتے ہیں پی ٹی آئی بھی گرینڈ ڈائیلاگ میں شریک ہو،اتوار کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امید ہے وزیراعظم اس ڈائیلاگ میں سب کو مدعو کریں گے،

سیاست اپنی جگہ اور ملک کا مفاد اپنی جگہ ہے، اتحادی جماعتوں کا جو فیصلہ تھا میرا بھی وہی ہے،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان کو چاہیے تھا کہ اپوزیشن میں بیٹھ کر تنقید کرتے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں تھی، فیصلوں کی اونر شپ سب پاکستانیوں کو لینی پڑے گی،انہوں نے کہا کہ ٹرتھ کمیشن بنادیں اور تاریخ کو درست کردیں، پچھلی حکومت نے ایک میگا واٹ بجلی کا اضافہ نہیں کیا، چار سال کی خرابیاں ایک ماہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتیں،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں کسی کے ذاتی معاملات پر بولنا مناسب نہیں سمجھتا، اگر ان معاملات سے کرپشن کا ثبوت ملتا ہے تو اس کا پیچھا کرنا ہماری قانونی ذمے داری ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر ایک پر مقدمہ کیا، کچھ ثابت نہ کرسکے، قانون کو اپنے ذاتی مقاصد اور مفاد میں استعمال نہیں کرنا چاہتے، پہلے نیب قانون سے بالا تر ہو کر کام کرتا تھا، نیب نے کبھی کرپشن ثابت کی ہے؟

close