قوم آپ کو جائز وزیر اعظم نہیں مانتی، ایک سیٹ کیلئے چپ نہیں رہوں گا، جاوید ہاشمی نے شہباز شریف کیخلاف بغاوت کر دی

لاہور (پی این آئی) جاوید ہاشمی نے ملک میں انتخابات کروانے کامطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام پیغام جاری کیا گیا ہے۔ معروف صحافی اقرار الحسن کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو ٹوئٹ کی گئی جس میں جاوید ہاشمی شہباز شریف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

 

اقرار الحسن نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے بھی “امپورٹڈ حکومت نامنظور” کہہ دیا۔ جاوید ہاشمی کل بھی ٹھیک کہہ رہے تھے اور آج بھی درست فرما رہے ہیں۔ ویڈیو پیغام میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ انتخابات کرانے چاہیئں، ایک سیٹ کیلئے میں چپ نہیں رہ سکتا۔مسلم لیگ ن کو بھی کہتا ہوں یہ جیسے کابینہ بنا رہے ہیں، ایسے نہیں بنے گی، لوگ اس کو قبول بھی نہیں کریں گے۔جب تک عمران خان کو ہٹانا تھا، قوم تب تک آپ کے ساتھ تھی، عمران خان کو ہٹانے کے بعد قوم آپ کو جائز وزیر اعظم نہیں مانتی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے بھی مسلسل انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کی جانب سے کراچی جلسے میں عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ باہر نکلیں اور نئے انتخابات کا مطالبہ کریں۔

 

جبکہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا نے  نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گالی نہیں دیں گے لیکن لوٹا کہیں گے، امپورٹڈحکومت بھی کہیں گے کیوں کہ ملک چوروں کو مل گیا ہے ، ایک دوسرے میں تقسیم ہورہی ہے لیکن عوام مداخلت کرے گی ، 6 ہفتے کے اندر موجودہ حکومت گرائیں گے اور ملک میں نیا الیکشن کرایا جائے گا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس وقت مسلم لیگ ن بی کا کردار ادا کر رہا ہے ، الیکشن کمیشن کو اب عمران خان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے تاہم سپریم کورٹ سے امید ہے کہ انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں