سانحہ سیالکوٹ، مقتول سری لنکن منیجرکے اہلِ خانہ کو بڑی رقم بطور امداد ادا کر دی گئی، کتنے سال تک ماہانہ تنخواہ بھی دی جائیگی؟ حکومت نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) مقتول سری لنکن مینیجر کے اہل خانہ کو اکٹھے کیے گئے فنڈز موصول ہوگئے، 1 لاکھ ڈالر کے فنڈ اور پہلی تنخواہ پریانتھا کمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل، 10 سال تک تنخواہ بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سیالکوٹ میں قتل کر دیے جانے والے سری لنکن مینیجر کے اہل خانہ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی معاونت کے حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔

معاون خصوصی کے مطابق سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے اہل خانہ کیلئے وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایک لاکھ ڈالر کے فنڈ اور 1667 ڈالر کی پہلی تنخواہ مقتول سری لنکن شہری کی بیوہ کو منتقل کردی گئی ہے۔خصوصی فنڈ اور تنخواہ راجکو انڈسٹریز کی جانب سے پریانتھا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا بتایا کہ 10سال تک تنخواہ بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی رہے گی۔ مقتول مینیجر کی کمپنی نے فنڈ اور 10سال تک تنخواہ دینے کا وعدہ کیا تھا جبکہ اس بات کا اعلان وزیراعظم نے کیا تھا۔

معاون خصوصی کی جانب سے اکاونٹس کی تفصیلات بھی جاری کیں گئیں جس کے مطابق سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے مقتول سری لنکن مینیجر پریانتھا کمارا کی بیوہ اور بچوں کیلئے 1 لاکھ ڈالر اکٹھے کئے، جبکہ راجکو انڈسٹریز انتظامیہ نے پریانتھا کمارا کی تنخواہ ڈالر میں ان کے اہل خانہ کو بھجوائی۔تمام ادائیگی باقاعدہ بینکنگ چینل کے ذریعے کی گئی۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ کی راجکو انڈسٹریز نے اپنے مقتول سری لنکن مینیجر پریانتھا کمارا کے اہل خانہ کیلئے ہر سال 20ہزار ڈالر تنخواہ کی مد میں مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔

close