آئندہ چھ ماہ میں شہباز شریف کو 25سال قید کی پیشنگوئی کر دی گئی، وفاقی وزیر کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 25 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال کے جواب پر فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی برطانیہ میں بریت کی خبروں پر شہزاد اکبر تفصیلی پریس کانفرنس کر چکے ہیں۔

یہ معاملہ ختم ہونا چاہیے کہ خود ہی کیس بنا لیں اور خود ہی بری بھی ہوجائیں اور خبریں چلنا شروع ہوجائیں کہ یہ بری ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ایسٹ ریکوری یونٹ (اے آر یو) نے جھوٹی خبر پر برطانیہ کے آف کام سے رجوع کیا ہے، فیک رپورٹنگ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس حوالے سے آف کام کا جواب جلد آجائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا کیس اگر میرٹ پر روزانہ کی بنیاد پر چلا تو شہباز شریف اگلے چھ مہینوں میں 25 سال کیلئے جیل جاسکتے ہیں۔ پاکستان کے لوگ شریف خاندان سے پیسوں کی ریکوری چاہتے ہیں۔فواد چوہدری کے مطابق وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین الیکشن میں بہت سے مسائل کا حل ہے، مسائل کے حل پر ہونی چاہیے۔ اس معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کیلئے تیار ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا جزو ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں نیشنل ہائی وے میں ایک ہزار ارب روپے کا سکینڈل بھی زیر بحث آیا۔ آج بننے والی سڑکیں 2013 کے مقابلے میں فی کلو میٹر 10 کروڑ روپے تک سستی بن رہی ہیں۔ اس حوالے سے مراد سعید اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بریفنگ دی جس کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں رویت ہلال کمیٹی کیلئے نئی قانون سازی کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے چاند کی روایت کے پرائیویٹ اعلانات پر پابندی عائد کردی ہے، اب سرکار کی طرف سے یا رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے جو اعلان کیا جائے گا اس کو ہی حتمی سمجھا جائے گا۔ محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کو بھی رویت کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

close