پاکستان کو تنہا کرنے کی عالمی سازش ہو رہی ہے، گورنر سندھ

کراچی(آئی این پی)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی عالمی سازش اور کوشش ہو رہی ہے، منگل کو تیسرے چیف آف نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی حکومت ہرجگہ پاکستان مخالف لابنگ کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ کو ختم کرنا بھارت کا پرانا خواب ہے،گورنر سندھ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی آمد پر پوری قوم

پر جوش تھی، ٹیم کی واپسی سے پاکستان کرکٹ کو جھٹکا لگا ہے اور شائقین کو افسوس ہوا ، نظر آتا ہے کہ اس معاملے میں بھارت کا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان مخالف لابنگ کرتا ہے تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان انشا اللہ سرخرو ہو گا، گورنر سندھ نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے لیے بہت پرامید ہیں، کرس گیل سمیت دنیا بھر سے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، کسی کی منت سماجت نہیں کریں گے اور دنیا کو باور کرائیں گے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، عمران اسماعیل نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا تھا لیکن نہ اب وہ ہاکی رہی ہے اور نہ وہ انٹرسٹ رہا ہے۔

close