سبز پاسپورٹ کی عزت کرائوں گا، مریم نواز کا تذکیر کا صیغہ استعمال کرتے ہوئے حکومت پر طنز

لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے پر حکومت کو طنز کا نشانہ بنادیا۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے پیغام میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی خبر پر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کامشہور فقرہ دہراتے اور تذکیرکا صیغہ استعمال کرتے ہوئے طنزا ًکہا کہ ”میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرائوں گا”۔دوسری جانب وزیراعظم کے

معاون خصوصی شہباز گل نے جواب میں کہا کہ یہ ہے ان محترمہ کا دماغ اور میچورٹی، کوئی دوسرا آپ کے ملک کے ساتھ اچھا نہ کرے تو اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، لیکن آپ تو اپنے ہی ملک کی سوتن بنی ہوئی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر، مودی اور بھارتی میڈیا کی جگتیں یاد رہیں گی، نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم نواز کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے تو وہی کیا جو ان سے توقعات تھیں، انہوں نے بتادیا ان میں رتی بھر بھی پاکستانیت نہیں ہے۔شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز اور ان کے والد نے ہمیشہ پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے، جب بھی کوئی غم کا موقع ہوتا ہے تو مریم اور ان کے والد فائدہ اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا اس وقت بہترین ماحول ہے، فورسز نے بھی

سیکیورٹی کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے، نیوزی لینڈ کے اچانک دورہ منسوخ کرنے سے سب کو دکھ ہوا۔شہباز گل نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنان کو بھی کیوی ٹیم کے دورہ منسوخ کرنے پر دکھ ہوا ہوگا، یہ ملک ہم سب کا ہے ملک کا نقصان ہوگا تو ہم سب کو دکھ ہوگا جبکہ مریم نواز کی ٹویٹ پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے جوابی ٹویٹ میں لکھا کہ ہم سے بے شک نفرت کرو لیکن میری دھرتی کی کچھ نمک حلالی کرو،حماد اظہر نے لکھا کہ آپ لوگوں نے اسی دھرتی کی دولت سے باہر جائیدادیں بنائیں۔

close