الیکشن کمیشن کااعظم خان سواتی اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( آئی این پی) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیربرائے ریلوے اعظم خان سواتی اوروزیر اطلاعات فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اعظم خان سواتی کی طرف سے الیکشن کمیشن پرعائد کئے گئے الزامات پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ بھی کیا ہے،الیکشن کمیشن نے پیمرا سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا ۔منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب

سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی ۔اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔اس اجلاس میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر لگائے گئے الزامات کو زیر بحث لایا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی پرزور الفاظ میں تردید کی اور انہیں مسترد کردیا ۔صدرپاکستان اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی کی طرف سے الیکشن کمیشن پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں اس پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ فواد چوہدری کی طرف سے پریس بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن اور

چیف الیکشن کمشنرپر جن الفاظ میں الزام تراشی کی گئی ۔ اس پر الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دونوں وزراء کو نوٹس جاری کئے جائیں تاکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔الیکشن کمیشن نے پیمرا سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ اور دفتر کو حکم دیا گیا کہ وہ ایوان صدر،سینٹ قائمہ کمیٹی کی کارروائی اور پریس بریفنگ سے متعلق تما م ریکارڈ مرتب کر کے مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے ۔

close