سپریم کورٹ نے شوگر ملز سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل نمٹا دی

اسلام آ باد (آئی این پی ) سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل نمٹا تے ہوئے کہا ہے کہ ہم ملک میں صنعتوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ ملک میں صنعتیں بڑھیں گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین سمیت دیگر کی شوگر ملز کو ریلیف دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی ۔ قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نیڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ عدالت نے شوگر ملز کو ساتھ ساتھ رقم جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ کیا شوگر ملز مالکان رقم جمع کرا رہے ہیں؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے چیک جمع کرائے جارہے ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ کیا وفاق کو پیسے نہیں چاہئیں؟ شوگر ملز کو چیک کے بجائے نقد رقم جمع کرانے کا کہا تھا۔ کیس کی سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس کا ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں صنعتوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ ملک میں صنعتیں بڑھیں گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔سپریم کورٹ کے حکم کا اطلاق سب پر ہوگا۔ عدالت نے شوگر ملز مالکان کو نقد رقم جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی اپیل نمٹا دی۔

close