اسلام آباد/کراچی/ کوئٹہ(آئی این پی) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نہ استعفیٰ دے گی نہ لانگ مارچ ہوگا، شہباز شریف کا مزاحمت اور مفاہمت سے انکار درحقیقت نواز شریف کے بیانیہ سے انکار ہے، قومی حکومت کے قیام کی باتیں مفاہمتی پالیسی کا حصہ ہے شہباز شریف اپنے مفاہمتی ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں۔ پیر کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں نہ استعفیٰ دیں گی نہ تحریک عدم اعتماد لائیں گی اور نہ لانگ مارچ ہوگا، کراچی کا جلسہ تحریک انصاف کی حکومت کے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف تھا مولانا فضل الرحمن نے بڑی ہوشیاری کے ساتھ استعفوں کا معاملہ لاکر پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے الگ کیا جن استعفوں کا جواز پیدا کرکے پیپلز پارٹی کو الگ کیا گیا وہ استعفے اب کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جے یو آئی ف اسٹیبلشمنٹ، تحریک انصاف اور جی ڈی اے کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے اسی لیے ایک سازش اور منصوبے کے تحت پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے نکالا گیا مولانا فضل الرحمن کے بقول تحریک انصاف یہودیوں کی ایجنٹ جماعت ہے اور سندھ میں اسی یہودیوں کی ایجنٹ جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا ’’ریمورٹ ‘‘ لندن سے ’’کنٹرول‘‘ ہوتا ہے اور وہاں سے جو احکامات ملتے ہیں ان کے تحت یہاں کام کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں