پیپلزپارٹی کی قیادت کو سیاسی انتقام کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی ، جب برسر روزگار سرکاری ملازمین کو برطرف کیا جاتا ہے تو دکھ ہوتا ہے، فرحت اللہ بابر

اسلام آباد(آئی این پی)سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو سیاسی انتقام کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی مگر جب برسر روزگار سرکاری ملازمین کو برطرف کیا جاتا ہے تو دکھ اور تکلیف ہوتی ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہی عوام کو روزگار دینا ہے۔ گھر کے ایک فرد کو روزگار دینے سے ان کے پورے خاندان کو روٹی، کپڑا اور مکان ملتا ہے جبکہ ایک فرد کو بیروزگار کرنے سے ایک خاندان کا چولہا بجھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب غریب کی بھلائی ہوتی ہو تو قومی خزانے کو نقصان اور قومی خزانے پر بوجھ کا رونا رویا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آتی ہے اس لئے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرتی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مشن ہی عوام کو روزگار دینا ہے۔ جب عوام خوشحال ہوں گے تو ملک کی بھی عزت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقتدار میں آکر عوام کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرے گی تاکہ عوام میں خوشحالی پیدا ہو۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آج ملک میں بدترین مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ ایسے حالات میں لوگوں سے روزگار چھین کر ان سے روزی روٹی کا وسیلہ چھین لینے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

close