نیب نے کمال کر دکھایا، 535ارب روپے کی ریکوری کر لی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) قومی احتساب بیورو(نیب)کے چیئر مین جسٹس (ر)جاویداقبال نے کہاہے کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے موثرحکمت عملی وضع کی ہے جس کے نتیجہ میں موجودہ انتظامیہ کے دورمیں اب تک 535 ارب روپے کی ریکوری ہوئی ہے ۔ اتوارکوجاری بیان میں چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ گیلانی اینڈگیلپ کے سروے میں 59 فیصد پاکستانی عوام نے نیب پراعتمادکااظہارکیاہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ قومی احتساب بیورو قانون کے مطابق نیب بلاتفریق احتساب کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے۔بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے فعال حکمت عملی کی وجہ سے سزاوں کی مجموعی شرح 66 فیصد ہے جو دنیا بھرمیں وائیٹ کالرجرا ئم کی تحقیقات میں اہم کامیابی ہے۔دنیابھرمیں موقر اداروں جیسے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، عالمی اقتصادی فورم ، گلوبل پیس کینیڈا، پلڈاٹ اورمشال پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کے مثالی کوششوں کو سراہاہے۔ انہوںنے کہاکہ قومی احتساب بیورو کسی دھمکی اورتنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں اداکرے گا ۔نیب کی انتظامیہ قانون کے مطابق انکوائریز اورتحقیقات کاعمل جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہاکہ نیب نے بدعنوانی کی تمام صورتوں اورمظاہرکو ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے، نیب نے بالخصوص بدعنوانی، منی لانڈرنگ، عوام الناس سے دھوکہ دہی، جان بوجھ کربینک ڈیفالٹ ہونے، اختیارات کے غلط استعمال اورریاسی فنڈز پرخرد برد پراپنی توجہ مرکوز کی ہے۔چیئر مین نیب نے کہاکہ کرپشن کاخاتمہ اوربدعنوان لوگوں سے لوٹی ہوئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے،ملک کوکرپشن سے پاک کرنے کیلئے کرپشن کے خلاف جدوجہد ہمارا عزم ہے۔جسٹس جاوید اقبال نے کہاکہ اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی (یواین سی اے سی)کے تحت نیب پاکستان میں فوکل ادارہ ہے،پاکستان اس کنونشن کی توثیق اوراس پردستخط کرچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جس نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے چین سے مفاہمت کی دستاویز پردستخط کئے ہیں جبکہ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئر مین بھی ہے، نیب سارک ممالک میں رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین برسوں میں نیب کے علاقائی بیوروز کی کارگردگی مثالی رہی ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دورمیں اکتوبر2017 سے لیکرجون 2021 تک کی مدت میں 535 ارب روپے ریکورکرکے قومی خزانہ میں جمع کئے گئے، نیب نے کل 179 میگا کرپشن کے کیسز میں 93 کیسز فائل کئے۔ یہ کیسز مختلف احتساب عدالتوں میں چل رہے ہیں ۔ 10 کیسز انکوائری کے مرحلہ میں ہیں۔ اسی طرح کئی میگا کیسز میں تحقیقات ہورہی ہے۔چیئر مین نیب نے کہاکہ میگاکرپشن کے کیسوں کومنطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ 179 میگا کرپشن کیسز میں 66 کیسز کوقانون کے مطابق نمٹایا گیا،ملک بھرمیں 1273 نیب کے ریفرنس مختلف احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جن میں 1300 ارب روپے کی مبینہ خورد برد ہوئی ہے۔

close