نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے نئے نظام کا اجرا کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے نئے نظام کا اجرا کر دیا ،نئے نظام کی بدولت ہر پاکستانی تصدیق کر سکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے “آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ” کے مرکزی پیغام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا غیرقانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے غیرملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ ہفتے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈیجیٹل پاکستان کے مکمل روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک بنانے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس جیسی جدت آمیز ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور جعلی شناختی کارڈ کا سراغ لگایا جائے گا۔ طارق ملک نے چیئرمین نادرا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں تصدیق و تجدید کے نظام کو تخلیق کیا اورعملدرآمد یقینی بنایا جس کی بدولت نادرا ڈیٹابیس میں موجود غیرملکیوں کی نشاندہی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔ تصدیق و تجدید کے اس جدید ترین نظام کی بدولت تمام پاکستانی شہری اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکتے ہیں اور ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔ نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 8009پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بمعہ تاریخ اجرا ایس ایم ایس کریں۔ جواب میں میسج کرنے والے شخص کو اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات(فیملی ٹری)موصول ہوں گی۔ کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں 1لکھ کر ایس ایم ایس کریں۔ نادرا کا نمائندہ اس متعلق آپ سے رابطہ کرے گا۔ تمام معلومات درست ہوں تو 2لکھ کر ایس ایم ایس کریں اور نادرا کو معلومات درست ہونے کی تصدیق کریں۔

close