23اگست سے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دیدی

کراچی(آئی این پی) سندھ حکومت نے 23اگست سے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ وہی اسکول کھلیں گے جن کا عملہ 100فیصد ویکسین لگوا چکا ہے، تعلیمی ادارے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔منگل کوکراچی میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر 23اگست سے صوبے بھر میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہی اسکول کھلیں گے جن کا عملہ 100فیصد ویکسین لگوا چکا ہے، تعلیمی ادارے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔سردار شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین نے تنخواہ بند ہونے کے ڈرسے سو فیصد ویکسین کروالی ہے، دیہات میں ویکسی نیشن کاعمل سست ہے ، اس لئے وہاں کچھ رعایت حاصل ہوں گی۔یکساں تعلیمی نصاب کے حوالے سے سردار علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا آئین نہیں پڑھا، انہوں نے اپنے منشور میں کہہ دیا تھا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کریں گے، ہم اپنے ہیروز کے بارے میں بچوں کو پڑھا رہے ہیں، میرے لوگ روپلو کولہی، مخدوم بلاول اور دودو سومرو کو پڑھنا چاہتے ہیں تو میں کیوں نہ پڑھاں۔

close