اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں الیکشن میں کامیابی کے بعد کہا ہے کہ عوام کا شکر گزار ہوں، کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھاتا رہوں گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آزاد کشمیر کی عوام کا مشکور ہوں، جنہوں نے اپنے ووٹوں کے ذریعے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا، ان کے اعتماد کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو انتخابات میں فتح ملی۔انہوں نے لکھا کہ احساس اور کامیاب پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعہ آزاد کشمیر کوغربت سے نکالنے پر توجہ دیں گے، ہم حکومت میں احتساب اور شفافیت قائم کریں گے۔وزیراعظم نے لکھا کہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں، کشمیر کا سفیر ہونے کے ناطے میں اقوام متحدہ سمیت عالمی فورموں پر کشمیر کے مسئلے پر آواز بلند کرتا رہوں گا، اقوام متحدہ کو باور کرائوں گا کہ وہ کشمیر سے متعلق کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں