تنخواہوں میں ناقابل یقین اضافہ، عید سے پہلے ہی عید ہو گئی

اسلام آباد (پی این آئی)سرکاری یونیورسٹی کے اساتذہ کی عید سے قبل ہی عید ہو گئی، اساتذہ کو اب ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ ملے گی، حکومت نے تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے اربوں روپے کی رقم مختص کر دی- تفصیلات کےمطابق ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں تعینات ٹینور ٹریک اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، ٹینور ٹریک اساتذہ کی تنخواہ 4 لاکھ 26 ہزار روپے ماہانہ تک مقرر کر دی گئی ہے- اس حوالے سے فنانس ڈویڑن کی منظوری کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نئی پالیسی جاری کر دی۔ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے ایک ارب 52 کروڑ روپے کی اضافی رقم مختص جبکہ چھ سال بعد ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب پبلک سروس کمیشن سے سلیکشن کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ضروری کارروائی کے بعد جرنلزم، لائبریری سائنس، پاک سٹڈیز، فارسی، سرائیکی اور سوشل ورک کے 29 لیکچررزکی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔تمام لیکچررز کو ہدایت کی ہے کہ احکامات جاری ہونے کے پندرہ روز کے اندر جوائننگ دیں۔ پرنسپل متعلقہ کی ذمہ داری ہے کہ اصلی ڈگریاں اور سرٹیفکیٹس کی تصدیق کو یقینی بنائیں۔ سروس کے کسی بھی مرحلے پر ڈگری جعلی ثابت ہوئی تو فوری طور پر نوکری سے نکالنے کیساتھ ساتھ ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔جوائننگ کے بعد لیکچررز تنخواہ کے حقدار ہو جائیں گے لیکن جائے تعیناتی تک جانے کا کوئی ٹی اے / ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔نئے تعینات ہونیوالے دو سال تک ٹرانسفر کیلئے درخواست نہیں دے سکیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عید سے پہلے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جس کے بعد وزارت خزانہ تنخواہیں جاری کرنے کے لیے متحرک ہوگئی، وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہیں جاری کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحٰی سے پہلے 16 جولائی کو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے انتظامات کیے جائیں۔

close