تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں، طلبا پھر موجیں کرنے کیلئے تیار ہو جائیں

لاہور ( پی این آئی ) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے میں 2 جولائی سے گرمیوں کی چھٹیاں کرنے کی تجویز دے دی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں محکمہ تعلیم پنجاب کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں 2 جولائی سے ایک ماہ کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، جس کے تحت کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں 2 جولائی سے 2 اگست تک ایک ماہ کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں دی جائیں ، اس کے علاوہ پنجاب کے تمام نجی و سرکاری میڈیکل کالجز میں بھی چھٹیوں کی تجویز دی گئی ہے تاہم چھٹیوں کی اس تجویز پر حتمی فیصلہ این سی او سی کی مشاورت سے ہوگا۔اسی طرح صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اسکولوں میں پھر سے چھٹیوں کا عندیہ دے دیا ، انہوں نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت کا احساس ہے، اسی بناء پر جلد چھٹیاں دے دیں گے لیکن ابھی بچوں کو امتحانات دینے دیں، خدانخواستہ غیر معمولی حالات ہوئے تو پھر دیکھیں گے ، پنجاب میں گرمی کی شدید لہر کے باعث وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے بعد پنجاب میں اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں، پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے نئے اوقات کار پر عمل کریں، انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے صبح 7 بجے سے 11.30 تک کھلیں گے ۔دوسری طرف سندھ حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت بڑھنے پر چھٹیاں کی جاسکتی ہیں، 21 جون سے پرائمری کلاسز بھی شروع کردی جائیں گی ، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں موسم گرما تعطیلات سے متعلق غور کیا گیا ، ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کی بہتر صورتحال کے بعد تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں ، پرائمری کلاسز بھی شروع کردی گئی ہیں ، اس لیے فی الحال موسم گرما کی تعطیلات نہیں کی جاسکیں گی تاہم موسم گرما میں درجہ حرارت زیادہ بڑھنے کے باعث گرمیوں کی چھٹیاں کی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close