اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مسلم لیگ ن لندن کو نوازشریف پر حملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے نوازشریف حملے میں محفوظ رہے، لندن پولیس اور متعلقہ حکام ملوث عناصر کو سخت سزا دیں۔انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ لندن میں حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت ، شرمناک او ر تشویشناک امر ہے۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قائد محمد نوازشریف اس حملے میں محفوظ رہے۔ ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے۔لندن پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔لندن مسلم لیگ (ن) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرائیں۔ اسی طرح نائب صدر مسلم لیگ مریم نواز نےلندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے چار نامعلوم افراد کے حملہ کرنے کے ردعمل پر کہا کہ نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی، ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔ دوسری جانب لندن میں موجود لیگی رہنماؤں نے اس حوالے سے ٹویٹر پر معلومات شیئر کیں کہ قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے لندن دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی،اس موقع پر اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی دفتر میں موجود تھے، حسن نواز کے دفتر آنے والے افراد نے نوازشریف گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی۔نوازشریف کے گارڈز نے پولیس بلائی تو چاروں افراد وہاں سے چلے گئے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مزید برآں ن لیگی رہنماؤں عابد شیر علی، راشد نصراللہ اور ناصر بٹ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا کہ ن لیگی رہنماؤں نے ان افراد کے ساتھ کافی بحث بھی کی۔ وہاں موجود ن لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف کی موجودگی میں ان غنڈہ افراد نے دفتر کے اندر گھسنے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔انشااللہ ہم حق پر کھڑے ہیں اور آخری سانس تک کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محمد نواز شریف پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں نے بتایا کہ ہمیں پیسے دے کر بھیجا گیا ہے، حملے کے وقت نواز شریف صاحب دفتر میں موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں