عید الفطر پر 4چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا

دُبئی(پی این آئی) رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے۔ عید الفطر کی آمد میں اب چند روز ہی باقی بچے ہیں۔ عید سے پہلے ہر کوئی متجسس ہوتا ہے کہ اس اسلامی تہوار پر کتنی تعطیلات ملیں گی۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عیدالفطر کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے ۔ جس کے مطابق اس بار چاند کی رویت کے حساب سے چار یا پانچ تعطیلات ہوں گی۔فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومین ریسورسز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو 29 رمضان المبارک سے لے کر 3 شوال المکرم تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔ اگر رمضان المبارک اس بار 29 روزوں کا ہوا تو ایسی صورت میں 11مئی (منگل) سے لے کر 14 مئی (جمعة المبارک) تک چار دن کی تعطیلات ہوں گی۔البتہ اگر رمضان کے پورے 30 روزے ہوئے تو ایسی صورت میں سرکاری ملازمین کو 11مئی سے 15 مئی (ہفتہ) تک پانچ روز کی تعطیلات ہوں گی۔اس حوالے سے سرکاری ملازمین کو چاند کی رویت کا انتظار کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ اماراتی حکام کے مطابق اس بار رمضان المبارک کے روزے پورے 30 ہونے کا امکان ہے۔ ۔مختلف ماہرین فلکیات کا بھی یہی دعویٰ ہے کہ امارات سمیت متعدد خلیجی ممالک میں شوال کا چاند 12 مئی کو نظرآئے گا اس لیے عید الفطر 13 مئی کو منائی جائے گی۔مشہور اماراتی ماہر فلکیات اور عرب یونین فار آسٹرولوجی اینڈ سپیس سائنسز کے رُکن ابراہیم الجروان نیبھی پیش گوئی کی ہے کہ اس بار یکم شوال کا چاند 11 مئی 2021 کو طلوع ہو گا تاہم یہ 12 مئی منگل کے روز ہی دکھائی دے گا، جس کی وجہ سے عید الفطر 13 مئی 2021ء کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کا ہوگا۔جبکہ یکم ذی الحجہ کا چاند10 جولائی 2021ء کو دکھائی دے سکتا ہے، ایسا ہونے پر عید الاضحی یعنی 10 ذی الحجہ 20 جولائی بروز منگل ہو گی۔ جبکہ حج ایک روز قبل 19جولائی کو ہو گا۔جبکہ یکم ہجری 10 اگست بروز منگل کو ہونے کا بھرپور امکان ہے ۔

close