اسلام آباد ہائیکورٹ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کا کسٹم کلیٹر کا اقدام غیرقانونی قراردیدیا

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کا کسٹم کلیکٹرکا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔جمعرات کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ہائیکورٹ نے سفارتی استثنیٰ پر فلسطینی سفیر کیخلاف کسٹم ڈیپارٹمنٹ

کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کسی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع کرنا ضروری ہے لیکن کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے فلسطینی سفیر کے خلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع نہیں کیا تھا۔عدالتی حکم امتناع کے بعد فلسطینی سفیر کو گاڑی واپس کر دی گئی تھی اور اب کارروائی بھی کالعدم قرار دے دی گئی۔فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وکیل کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔فلسطینی سفیر کے وکیل کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایف بی آر نے گاڑی کی فروخت سے متعلق 4 اگست کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا، سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنی حاصل ہے اور کسٹم ڈپارٹمنٹ کا یہ نوٹس سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت حکم دے کہ مجھے اور میری پراپرٹی کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے، سیکرٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کسٹم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔فلسطینی سفیر کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سیکرٹری خارجہ کی رائے اور مجھے نوٹس دیئے بغیر گاڑی ضبطگی غیر قانونی ہے، ایف بی آر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ شوکاز کو کالعدم قراردیا جائے۔۔۔۔

close