عالمی سطح پر بڑی کامیابی مل گئی، پاکستان نے اقوام متحدہ میں میدان مار لیا

اسلام آباد (پی این آئی)عالمی سطح پر کامیابی مل گئی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ‘مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے امن اور رواداری کی ثقافت کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان اور دیگر ممالک کی پیش کردہ قرارداد منظور کرلی گئی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق جنرل اسمبلی نے ‘مذہبی مقامات کے تحفظ

کے لیے امن اور رواداری کی ثقافت کو فروغ’ دینے سے متعلق پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے متعدد ممالک کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق یہ قرارداد مذہبی مقامات کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر عدم رواداری کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذہبی شخصیات اور مقامات کی بے حرمتی، دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی اور عدم رواداری کے حالیہ واقعات کے پس منظر میں اس قرارداد کا مقصد اس طرح کے منفی رجحانات کو روکنا ہے۔قرارداد میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر ہر طرح کے تشدد، امتیازی سلوک، عدم برداشت، مذہبی منافرت اور مذہبی مقامات پر حملوں اور مذہب کی جبری تبدیلی کی مذمت کی گئی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب، یمن، متحدہ عرب امارات، مراکش، عمان، بحرین اور مصر پر مشتمل ان سرکردہ ممالک کی اجتماعی کاوشوں کی وجہ سے اس قرارداد کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ‘مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے امن اور رواداری کی ثقافت کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان اور دیگر ممالک کی پیش کردہ قرارداد منظور کرلی گئی۔

close