اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے گزشتہ رات مینار پاکستان پہنچ کر تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔نجی ٹی رپورٹ کے مطابق مریم نواز کی آمد پر کارکنان میں شدید بدنظمی ، کارکنان میں دھکم پیل دیکھی گئی ۔ اس موقعے پر ن لیگ کی سینئر رہنما عظمی بخاری کارکنوں کو پیچھے ہٹنے کی درخواست کرتی رہیں۔ صحافی کے سوال کے جواب میں
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کیساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گی ، حکومت جنتی مرضی رکاوٹیں کھڑی کر لے ، عوام ضروری جلسہ گاہ میں آئیں گے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ حکومت کو این آر او نہیں دے گی ۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ کارکن اچھی طرح جان چکے ہیں کہ آمریت کا مقابلہ ،لانگ مارچ ، ٹرین مارچ اور بڑی بڑی قوتوں کو شکست کیسے دی جاتی ہے؟ ،ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ مل کر پاکستان کی عوام کے لئے فیصلہکن جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں جس کے بعد ہم پاکستان میںحقیقی جمہوریت بحال کریں گے۔ ہفتہ کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سرکردہ رہنما غلام محی الدین نے ایک استقبالیہ دیا جس میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاہور کے جیالے پاکستان کے وہ سیاسی کارکن ہیں جنہوںنے ایوبی آمریت کو شکست فاش دی اور جمہوریت کی راہ میں آمر جنرل ضیاء کے کوڑے کھائے اور جمہوریت کے لئے شہادتیں قبول کیں۔ پاکستان کی جمہوری جدوجہد میں لاہور کے پیپلزپارٹی کے جیالوں کا خون شامل ہے۔ یہ کارکن اچھی طرح جان چکے ہیں کہ آمریت کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے، لانگ مارچ کیسے کیا جاتا ہے، ٹرین مارچ کیسے کیا جاتا اور بڑی بڑی قوتوں کو شکست کیسے دی جاتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ مل کر پاکستان کی عوام کے لئے فیصلہ کن جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں جس کے بعد انشااللہ ہم پاکستان میں حقیقی جمہوریت بحال کریں گے۔ ہم لاہور کے مزدوروں اور غریب عوام کو آواز مہیا کریں گے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں کہ اس ملک کی معاشی پالیسی کیا ہوگی اور اس ملک کا حکمران کون ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں