پی ٹی آئی حکومت نے سینیٹ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں اٹھارویں ترمیم میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اگر پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتیں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو 18ویں ترمیم میں تبدیلیاں لائیں گے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھٹو

کے بنائے ہوئے آئین میں تبدیلی کر کے 18ویں ترمیم والا آئین بنایا۔حکومت مانتی ہے کہ 18ویں ترمیم کی کچھ باتیں درست بھی ہیں ۔لیکن اس ترمیم کی کئی شقوں سے اختلاف ہے ۔ ان کو تبدیل کریں گے، مکمل طور پر 18ویں ترمیم ختم تو نہیں کریں گے لیکن اس میں کچھ تبدیلیاں ضروری ہیں ۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں اگر واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں تو 18ویں ترمیم میں تبدیلیاں کریں گے ۔وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما شیری رحمان نے کہا کہ یہ 18 ویں ترمیم میں تبدیلی کرکے صوبوں کے اختیارات ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے بعد یہ ملک بھر کو تباہ کر دیں گے ، ہماری حکومت نے ملک کے مفاد میں 18ویں ترمیم لائی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پتہ نہیں کونسی احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، اپوزیشن کی اتنی بڑی تحریک کے باوجود یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سینیٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لیں گے ۔

close