ن لیگ کا صبر ٹوٹ گیا، چار بڑے شہروں میں حکومت کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 12 اکتوبر کو پنجاب کے چار شہروں میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری اور حمزہ شہباز کے خلاف ہونے والی انتقامی

کارروائی کے خلاف راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں مظاہرے کیے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ( ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اویس لغاری، سائرہ افضل تارڑ اور دیگر رہنما شریک تھے۔ اجلاس میں آئین اور قانون کی بالادستی کےلیے تحریک چلانے کے فیصلے کی تائید کی گئی جبکہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے پر تحفظات کا اظہار کیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اجلاس میں پنجاب میں تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔ ن لیگ پنجاب کی قیادت نے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے بھی جائزہ لیا ہے۔ اجلاس میں رانا ثناء اللہ نے ہفتے کے روز گوجرانوالہ میں جلسہ گاہ کے دورے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اجلاس میں گوجرانوالہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ کمیٹیوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔اجلاس میں 12 اکتوبر کو راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں مظاہروں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 12 اکتوبر 1999 کو سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف نے اُس وقت مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو جلا وطن کردیا گیا تھا۔ 12 اکتوبر کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ نے صوبے کے چار مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری اور ن لیگ کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close