اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب کیلئے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز جمعرات کو ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور کیلئے روانہ ہو گی۔ ہفتہ کو پی آئی اے کی ایک اور پرواز
مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔شیڈول کے مطابق 18 مئی کو پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 250 پاکستانیوں کو فیصل آباد لائے گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کیلئے چلائی جائے گی۔ خیال رہے کہ پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کر دی ہے۔ پی آئی اے حکام کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب، مسقط اور عمان کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا، یہ پابندی کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔پی آئی اے کی مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی بندش کے احکامات فلائٹ سروسز کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ قومی ایئر لائن دوران پرواز مسافروں کو پانی، سافٹ ڈرنک اور جوس فراہم کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں