سندھ کے حکمرانوں کو پانی میں ڈوب مرنا چاہیے،یہ عمران خان کیخلاف سازشیں کرتے ہیں، اینکر پرسن اقرار الحسن پھٹ پڑے

کراچی (پی این آئی) اینکر پرسن اقرار الحسن کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے سے مرنے والے 9 سالہ بچے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد سندھ کے حکمرانوں کو پانی میں ڈوب مرنا چاہیے، سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے حوالے سے اقدامات سے سازش کی بو آرہی ہے، یہ پورے ملک کی معیشت تباہ کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں

کہ عمران خان کی حکومت کے 5 سال معیشت کے حوالے سے بدترین ثابت ہوں۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ اس 9 سالہ بچے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد جو کتے کے کاٹنے سے ہائیڈرو فوبیا کا شکار ہوا اور جان کی بازی ہار گیا، اگر تھوڑی سی بھی غیرت ، شرم اور حیا ہو تو سندھ کے حکمرانوں کو پانی میں ڈوب کر ماجانا چاہیے۔سندھ کے کسی شہر میں چلے جائیں ، حکومت سندھ نے کیا کیا ہے؟ جہاں موقع ملا ہے وہاں انہوں نے الٹا بیڑہ ہی غرق کیا ہے۔اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے حوالے سے ایسے غیر منطقی اور مجہول فیصلے کیے کہ اب ان میں سے سازش کی بو آنے لگی ہے۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے شروع میں ہمیں بھی اچھا لگتا تھا لیکن اب چیزیں واضح ہورہی ہیں۔ کراچی کے لوگوں کی قومیت الگ ہے ، یہاں کا ووٹ بینک دوسرا ہے، پیپلز پارٹی کا یہاں کوئی سٹیک نہیں ہے، اس لیے سندھ حکومت نے یہاں کے لوگوں کو دبا کر رگڑا دیا ، رزق اور کاروبار کے جو راستے کھولے جاسکتے تھے وہ بھی انہوں نے جان بوجھ کر بند رکھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت پورے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرنا چاہتی ہے، یہ چاہتی ہے کہ معیشت کے حوالے سے عمران خان کے 5 سال بدترین ہوں۔ سندھ کے حکمران اپنے محلات سے باہر نکلیں اور لوگوں کی مشکلات کا احساس کریں گے تو تب آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ پر ہونے والی تنقید بالکل ٹھیک ہے۔

close