انتہائی تشویشناک خبر، پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ، متاثرہ افراد کی تعداد کتنی ہو گئی؟

کراچی (پی این آئی) کراچی میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ شخص نے حالیہ دنوں شام کا سفر کیا تھا، سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا کے ایک اور مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شخص شام سے دوحہ اور پھر

پاکستان پہنچا تھا۔ متاثرہ شخص ضلع شرقی کا رہائشی ہے، متاثرہ شخص کی عمر 53 سال ہے۔متاثرہ شخص کے اہلخانہ کو بھی قرطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ نئے کیس کے بعد سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں کورونا وائرس کے3 میں سے مریضوں 2 کی حالت بہتر بتائی گئی تھی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ آج پانچوں افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے جو کہ منفی آئے ہیں۔گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 8 متعلقہ افراد کے بھی ٹیسٹ کیے جبکہ 19 افراد کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا کے ابھی تک تین کیسز ہیں، جن میں دو کی حالت بہتر ہوگئی ہے۔ دو مریض تیزی کے ساتھ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک135 افراد کے ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ان میں سے چار کیس مثبت آئے اور ایک مریض صحتیاب ہو کر گھر چلا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی ہے کہ جو بھی مشتبہ کیس سامنے آئے اس کے بارے فوری محکمہ صحت کو رپورٹ کیا جائے، جبکہ بیرون ملک سے آنے والوں کی اسکریننگ کے عمل کو ہر حال میں یقنینی بنایا جائے۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ہیں،شہری پریشان نہ ہوں اس بیماری سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور چوبیس گھنٹے اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہمارا عزم مریضوں کو تیز رفتار علاج فراہم کرنا ہے، میڈیا کورونا وائرس بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرے۔ملک میں اب تک 289 مشتبہ افراد کے خون کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن میں صرف 6 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض مکمل طور پر صحت یاب بھی ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close