کراچی(آئی این پی) صارف عدالت شرقی نے اضافی رقم وصول کرنے کے خلاف درخواست پر شادی ہال کے مالک کو اضافی وصول کیے گئے ایک لاکھ 80 ہزار روپے شہری کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔کراچی کی صارف عدالت شرقی کے روبرو اضافی رقم وصول کرنے پر شادی ہال کے مالک کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ میرے موکل نے 28 اکتوبر 2021 کو بیٹی کے شادی کا ہال بک کروایا تھا جہاں 5 سو مہمانوں کے 4 لاکھ 50 ہزار روپے میں معاملات طے پائے تھے۔ کورونا کی صورتحال کے باعث حکومت نے صرف 300 مہمانوں کو شادی میں بلانے کی اجازات دی تھی۔وکیل نے بتایا کہ ہال کے مالک سے کہا کہ 500 کی جگہ 300 مہمان آئیں گے اس حساب سے ادائیگی کی جائے گی لیکن ہال مالک نے شادی سے ایک دن قبل دھمکی دی کہ مہمان 300 ہوں یا 500 رقم پوری ادا کی جائے۔ شادی ہال مالک نے 300 کے بجائے 500 مہمانوں کی رقم وصول کی۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے شادی ہال کے مالک کو اضافی وصول کیے گئے ایک لاکھ 80 ہزار روپے واپس کرنے کا حکم دیا جبکہ شادی ہال کے مالک پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔عدالت نے شادی ہال کے مالک کو 30 دن میں تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں