چڑیا گھر سے پانچ شیر فرار، ہلچل مچ گئی

سڈنی (پی این آئی)آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے تارونگا چڑیا گھر میں پانچ شیر بدھ کی علی الصبح اپنے انکلوژر سے کچھ دیر کے لیے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شیروں کے فرار کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ ’کوڈ ون‘ الرٹ جاری کرنے پر مجبور ہو گئی اور رات بھر کے لیے یہاں قیام کرنے کے لیے آئے ہوئے مہمانوں کو ان کی حفاظت کے پیش نظر وہاں سے جانا پڑا۔ الرٹ اس وقت جاری کیا گیا

جب ایک ویڈیو فوٹیج میں ایٹو نامی نر شیر اپنے چار بچوں کے ہمراہ انکلوژر سے باہر نظر آیا، حالانکہ وہ تب بھی اس علاقے میں تھے جو ایک چھ فٹ کی باڑ کی مدد سے باقی چڑیا گھر سے الگ ہے۔ چڑیا گھر کے رکھوالے شیر کے ایک بچے کو بے ہوش کر کے واپس لائے جبکہ باقی چار اپنی مرضی سے واپس چلے گئے۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق شیروں کے مرکزی علاقے سے فرار ہونے کے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں وہ متحرک ہو گئے تھے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے تک شیروں کے انکلوژر میں واپس آنے کی تصدیق ہوگئی تھی۔ تارونگا چڑیا گھر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سائمن ڈفی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’لوگوں یا جانوروں میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا اور چڑیا گھر معمول کے مطابق کھلا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’چڑیا گھر میں اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے انتہائی سخت حفاظتی پروٹوکولز موجود ہیں اور فوری کارروائی کی گئی۔‘

close