250 کتوں کی جان لینے کا الزام، دو بندروں کو تھانے میں بند کر دیا گیا

ممبئی (پی این آئی) پرنٹ الیکٹرونک اور ڈیجیٹل میڈیا کی ان رپورٹس نے 150 کروڑ آبادی والے ملک بھارت میں کھلبلی مچا دی ہے کہ ریاست مہاراشٹرا کے ایک گاؤں میں پولیس نے دو بندروں کو تھانے میں بند کر دیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر 250 سے زائد کتوں کی جان لی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ان بندروں نے یہ انتقامی کارروائی کتوں کی جانب سے ایک بندر کے بچے کو ہلاک کرنے کے بعد انتقامی طور پر کی ہے۔ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ کے فاریسٹ افسر سچن کاند نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “ضلع بیڈ میں ناگ پور محکمہ جنگلات کی ٹیم نے دو بندروں کو پکڑا ہے جنہوں نے متعدد کتوں کو ہلاک کر دیا تھا،

ان دونوں بندروں کو ناگ پور منتقل کیا جا رہا ہے جنہیں قریبی جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دونوں بندروں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران لاوول گاؤں میں متعدد کتوں کو جان سے مارا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق بندر جیسے ہی کسی کتے کو دیکھتے تھے وہ اسے فوراً پکڑ کر اونچی جگہ لے جا کر وہاں سے نیچے پھینک دیتے تھے۔
ذرائع کے مطابق بندروں نے سکول کے طلبہ پر بھی حملہ کیا جس کے بعد گاؤں کے افراد نے دھرور کے محکمہ جنگلات سے رابطہ کیا۔ بھارتی اخبار ‘دی انڈین ایکسپریس’ کے مطابق مہاراشٹرا کے مجل گاؤں تعلقہ کے محکمہ محصولات کے سب ڈیویژنل دفتر کے ایک اہل کار نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ بندروں نے انتقامی کارروائی کی ہے تاہم متعدد کتوں کی ان دو بندروں کے ہاتھوں ہلاکت کی تصدیق مقامی پولیس اور مقامی لوگوں نے کی ہے۔۔۔۔۔

close